آج نواز کپتانی کر رہا ہے تو امید ہے اچھا پرفارم کرے گا، محمد یوسف

8 Mar, 2023 | 07:40 PM

Bilal Arshad

’’ پی ایس ایل‘‘ ہنگامہ میں سابق فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ کوئٹہ مسلسل دو سیزنز سےباہرہو رہی ہے اور اس بار بھی وہی صورتحال ہے ، میری سمجھ سے باہر ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب کونسی ایسی ٹی20 کرکٹ سرفراز سے نکالنی ہے؟

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8 میں آج ویمنز لیگ نمائشی میچ ہوا جس میں سپر ویمن نے ایمازونز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دوسری جانب آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور  پشاور زلمی کی ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی۔’’پی ایس ایل ہنگامہ‘‘ میں تجزیہ کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر سلیم ملک کا کہنا تھا کہ آج خواتین کے عالمی دن پر خواتین کا میچ پی ایس ایل میں کروانا بہت اچھا قدم ہے۔ ہماری لڑکیاں کسی سے کم نہیں ہیں، یہ بہت اچھا مصبت قدم ہے اس سے خواتین کو زیادہ سہولیات ملیں گی اور اچھی سے اچھی خواتین کھلاڑی سامنے آئیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کی جانب سے آج نواز کپتانی کرے گا، نواز کو کبھی کپتانی کرتے نہیں دیکھا لیکن وہ لڑکا کرکٹ بہت شاندار کھیلتا ہے۔ 

 سابق فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ ستمبر میں پی سی بی چیرمین نے  ویمن لیگ کا اعلان کیا ہے, اگر ہوتی ہے تو یہ ایک بہت اچھا قدم ہے کیونکہ اس سے ہماری ویمن  کرکٹ کا معیار بڑھے گا۔ویمن کرکٹ میں ہم بہت پیچھے ہیں، اگر ہمیں انٹرنیشنل ویمن کرکٹ میں آگے آنا ہے تو ہمیں بھی انہیں ویسے ہی اہمیت دینی پڑے گی  جس طرح بھارت ,آسٹریلیا  اور دوسرے ممالک میں ویمن کرکٹ کو اہمیت دی جاتی ہے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور  پشاور زلمی کے میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد آصف کا کہنا تھا کہ سرفراز انجری کے باعث باہر ہوئے اور ان کی جگہ نواز کپتانی کرے گا، میرے مطابق مینجمنٹ کو یہ قدم  بہت پہلے اٹھا لینا چاہیے تھا۔ 8 سال سے سرفراز کپتانی کر رہا ہے، کوئٹہ مسلسل دو سیزنز سےباہرہو رہی ہے اور اس بار بھی وہی صورتحال ہے۔ میری سمجھ سے باہر ہے  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز سے اب کونسی ایسی ٹی20 کرکٹ  نکالنی ہے؟

سابق قومی کرکٹر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ چونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کی کپتانی آج نواز کر رہا ہے تو امید ہے اچھا پرفارم کرے گا اور ٹیم سے بھی پرفارمنس لے گا۔ اس کو موقع ملا ہے تو مجھے لگ رہا ہے کہ وہ آج جان مارے گا۔

مزیدخبریں