(مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پشاور زلمی کے خلاف میچ سے باہر کردیا گیا۔
ترجمان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کے خلاف انجری کا شکار ہونے والے کپتان سرفراز احمد پشاور زلمی کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی جگہ محمد نواز کو کپتانی کے فرائض سونپ دیئے ہیں جبکہ انکی جگہ بسم اللہ خان نے اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے جو بطور وکٹ کیپر فرائض نبھائیں گے۔
واضح رہےکہ دو روز قبل کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے دوران 16ویں اوور میں نسیم شاہ کی گیند تھامتے ہوئے سرفراز احمد کے ہاتھ پر چوٹ لگی تھی تاہم درد برداشت کرتے ہوئے کیپنگ جاری رکھی البتہ اننگز کے دوران انکی ہمت جواب دے گئی تھی اور باہر جانا پڑا تھا۔
سرفراز احمد نے انگلی میں چوٹ کے باوجود ساتویں نمبر پر انگلی پر پٹیاں باندھ کر ٹیم کیلئے بیٹنگ کی تھی اور انہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کی انگلی میں فر یکچر نہیں البتہ انہیں سوجن اور شدید درد ہے