’’ پی ایس ایل‘‘ ہنگامہ میں سابق فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ ایک فاسٹ باؤلر کے لئے ایک اوور میں 18 رنز روکنا کوئی بڑی بات نہیں تھی، میچ کا آخری اوور ہی تھا جو ملتان کو جیتا ہوامیچ ہروا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 8کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔’’پی ایس ایل ہنگامہ‘‘ میں تجزیہ کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کوئٹہ نے اچھا ٹارکٹ دیا تھا، لگ نہیں رہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ چیز کر لے گی۔ شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ نے بہت اچھی پرفارمنس دی، مگر باؤلنگ میں تھوڑی سی قصر رہ گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میچ کا سارا کریڈٹ فہیم اشرف اشرف کو جاتا ہے، کیونکہ جس طرح اس نے اننگز کھیلی قابل تعریف ہے، میچ جتوایا اور مین آف دی میچ بھی بنے۔
سابق قومی کرکٹر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ آج بہت اچھا کھیلی ہے۔ ملتان کا آغاز بہت اچھا تھا، شان مسعود نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور ٹیم نے ایک بہت اچھا ٹوٹل سیٹ کیا، ملتان کے سکور سے یہی لگ رہا تھا کہ ملتان کی ہی جیت ہے، ملتان نے باؤلنگ بھی اچھی کی، لیکن میچ کے آخر میں اوس بہت پڑ گئی تھی جس کی وجہ سے بال سہی لائن پر نہیں ہو پا رہی تھی۔میچ کا کریڈٹ اسلام آباد کے بیٹسمین فہیم اشرف کو دینا پڑے گا، کیونکہ جس طرح وہ کھیلا ہے اور اپنی ٹیم کو جتوایا ہے یہ ایک اچھے کھلاڑی کی نشانی ہے۔
سابق فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کوئی شک نہیں بہت اچھا کھیلا، مگر جہاں فاسٹ باؤلرز اگر بنیادی باؤلنگ سے ہٹ کر باؤلنگ کریں گے تو مار تو پڑے گی۔ایک فاسٹ باؤلر کے لئے ایک اوور میں 18 رنز روکنا کوئی بڑی بات نہیں تھی، میچ کا آخری اوور ہی تھا جو ملتان کو جیتا ہوا میچ ہروا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑکے سارا سال باؤلنگ کرتے ہیں کیا ان کو نہیں پتا کہ جب اوس پڑتی ہے تو باؤلنگ کیسے کرنی ہے؟ ملتان کی باؤلنگ میں آج خامیاں نظر آئیں۔