صدر نے 75ویں یوم آزادی کے لوگو کی نقاب کشائی کر دی

8 Mar, 2022 | 01:05 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے 75ویں یوم آزادی کے لوگو کی نقاب کشائی کر دی۔

 صدر مملکت نے ملک کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر لوگو کی رونمائی اور دیگر تیاریوں پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور ان کی وزارت کی کاوشوں کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ لوگو پاکستان کی تاریخ اور گزشتہ 75 سالوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی یاد تازہ کرے گا، پاکستان کے عوام نے مشکل وقت برداشت کیا لیکن اب گزشتہ چند سالوں میں ملک نے مختلف شعبوں میں بڑی پیشرفت کی،بھارت کی جانب سے مسلم مخالف پالیسیوں، نسل کشی اور ہندوستان میں دیگر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک سے دو قومی نظریہ کی توثیق ہو گئی ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی مصنف خوشونت سنگھ اپنی کتاب میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی ظالمانہ پالیسیوں کے نتیجے میں بھارت کی تباہی کی پیشگوئی کر چکے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال نے ہندو قیادت کے پوشیدہ عزائم کو بھانپ کر اپنی راہیں جدا کر لی تھیں، ملک کی نوجوان نسل کو تحریک آزادی کے مختلف ان کہے واقعات سے آگاہ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری طریقے سے بنا، نوزائیدہ ملک کے خلاف سازشیں کی گئیں اور ایک منصوبے کے تحت گورداسپور کے ذریعے بھارت کو کشمیر تک رسائی فراہم کی گئی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاک و ہند کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کی جدوجہد میں مصائب کا سامنا کیا اور عظیم قربانیاں دیں, بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک درست راستے پر گامزن ہے اور عوام کو ان عوامل سے پوری طرح آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ وہ مزید اعتماد حاصل کر سکیں، پاکستان جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے دیگر وزارتوں کے ساتھ مل کر ملک کے 75ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے جامع پروگرام ترتیب دیئے ہیں, اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، یورپی یونین کے ممالک کے غیر ملکی نمائندے اور سفیر 23 مارچ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگو کا اجرا پاکستان کی تاریخ، اہم واقعات، کامیابیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں مختلف شخصیات کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرنے کے لئے ان تیاریوں کا حصہ ہے, تقریب میں وزارت اطلاعات، متعلقہ محکموں کے افسران اور میڈیا کے افراد نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں