(سٹی42) اداکارہ فضیلہ قاضی نے شوبز انڈسٹری میں پسندیدگی کی بنیاد پر اچھے کردار اور ایوارڈز ملنے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس کا آغاز انہوں نے ایک مشہور کہاوت 'بندر بانٹے ریوڑیاں اپنوں اپنوں میں' سے کیا اور کہا کہ بچپن میں یہ اپنے بڑوں سے سْنا تھا جس کا مطلب آج بخوبی سمجھ آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں ہزاروں ایسے اداکار ہیں جو ایک سے بڑھ کر ایک بہترین کام کر رہے ہیں لیکن جب بھی ایوارڈز کی تقریب میں ان کے کام کو سراہنے اور پہچاننے کا وقت آتا ہے تو وہاں چند چاپلوس لوگ نظر آتے ہیں جو پی آر یا نیٹ ورکنگ کے فن میں ماہر ہیں، یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔
اداکارہ نے سوال کیا کہ 'ہم کون لوگ ہیں، کیا ہماری کوئی سوچ نہیں ہے، کوئی نظریہ نہیں ہے یا ہم دیکھ نہیں سکتے یا دوسرے تمام اداکار مر تو نہیں گئے ہیں؟۔انہوں نے مزیدکہا کہ جو لوگ انڈسٹری میں اچھا کام کر رہے ہیں۔، نیک نیتی کے ساتھ انہیں سراہیں ، ان کے ساتھ ناانصافی نہ کریں لیکن صرف وہ لوگ جو چند گروپس کا حصہ ہیں وہی ایک دوسرے کی حمایت کرتے نظر آتے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں فضیلہ قاضی کا کہنا تھا کہ ڈراموں کے بہت اچھے اچھے کردار صرف ان لوگوں کو دے دیے جاتے ہیں جو ایک دوسرے کی جھوٹی تعریفیں کرتے ہیں، یہی کرکے ایک دوسرے کو کام دلوا رہے ہوتے ہیں، یہ زیادتی نہ کریں اور انڈسٹری کو انڈسٹری رہنے دیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کسی اداکار کی جانب سے انڈسٹری پر غیر منصفانہ سلوک پر آواز اٹھائی گئی ہو، اس سے قبل بھی کئی اداکار اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔