ویب ڈیسک: راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کیویز ٹیم پاکستان کی برتری ختم کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 459 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنڈی ٹیسٹ کے آخری اور پانچویں روز آسٹریلیا نے 449 رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا تاہم محض 10 رنز کا اضافہ کرکے بقیہ 3 کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 97رنز بنا کر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 476رنز بنا کر بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی تھی۔بارش و کم روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل محض 67 اوورز تک محدود رہا تھا۔
قبل ازیں راولپنڈی میں گزشتہ رات کی مسلسل بارش سے گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث چوتھے روز کا کھیل صبح وقت پر شروع نہیں ہوسکا۔ ایمپائرز نے صبح گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور دوپہر ایک بجے کھیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ روشنی بہتر ہونے پر آدھے گھنٹے کا اضافی وقت دیا۔
کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 271 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا۔ مارنوس لبوشین 90 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے جبکہ اسٹیو اسمتھ 78 رنز بناسکے تھے۔ دن کے اختتام کے قریب پاکستانی بالرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں جلد لے اڑے۔ کیمرون گرین 48، ٹرویس ہیڈ 8، ایلکس کیری 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک باالترتیب 12 اور 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 4، ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔