طلباپر کورونا کے وار تیز ، لاہور میں مزید سکول بند

8 Mar, 2021 | 09:44 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)تعلیمی اداروں میں طلباء پر کورونا کے وار تیز ہوگئے، سنگین صورت حال کے پیش نظر لاہور میں ایک اور سکول کو بند کردیا گیا، سکول میں دو طالبات کورونا کاشکار ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول گوہاواں میں دو طالبات کورونا کاشکار ہوگئیں، سکول کو سات روز کے لئے بند کردیا گیا۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کےمطابق تیسری جماعت کی طالبہ نبیلہ احسان،پانچویں جماعت کی طالبہ ماہ نور ارشد کورونا کا شکار ہوئیں،دونوں طالبات کو 15 روز  کے لئے قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، سکول میں بچوں کے 4 مارچ کو کورونا ٹیسٹ لئے گئےتھے۔

علاوہ ازیں  گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی ٹیچر کورونا کا شکارہوگئی ہے، ایجوکیشن اتھارٹی نے ٹیچر زرقاء فردوس کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔  ٹیچر نے کورونا ٹیسٹ سات مارچ کو کروایا تھا، ایجوکیشن اتھارٹی نے سکول کے باقی سٹاف اور طلباء کے ٹیسٹ کیلئے محکمہ صحت کو درخواست کردی ہے جبکہ ٹیچر زرقاء فردوس کو 15 روز تک گھر رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ 

 کینٹ میں واقع گورنمنٹ خانم گرلز ہائی سکول حسین آباد کی ٹیچر کورونا سے وفات پاگئیں ہیں۔ فہمیدہ بانو ایلمنٹری سکول ٹیچر تھی۔ فہمیدہ بانو کی عمر 58 سال تھی ۔ ٹیچر کی وفات پر سکول میں خوف وہراس پھیل گیا۔محکمہ صحت نے سکول کی باقی اساتذہ و طالبات کا بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا حکم جاری کردیا۔

سکول ذرائع کے مطابق فہمیدہ بانو مقامی ہسپتال بیدیاں روڈ میں کئی روز سے زیر علاج تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فہمیدہ بانو کا کورونا مثبت آنے کے بعد سکول کی باقی ٹیچر بھی بخار کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ  لاہور سمیت صوبہ بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ اس حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ساتھ اضلاع میں غیر نصابی سرگرمیوں اور سپورٹس گالا پر پابندی لگادی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں