لاہور کی صفائی کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ دور

8 Mar, 2021 | 04:39 PM

Arslan Sheikh

سٹی 42: سیکرٹری بلدیات کی صبح سویرے ایل ڈبلیو ایم سی ورکشاپ آمدہوئی، ہڑتالی ملازمین سے کامیاب مذاکرات جبکہ 2 ماہ کی پوری تنخواہ کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے۔ سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔

 تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے ایل ڈبلیو ایم سی ورکشاپ کا اچانک دورہ کیا۔ ورکرز کی پچھلے دو مہینوں سے تنخواہیں نہ ملنے، کم تنخواہ ادائیگی کی شکایات کا نوٹس بھی لیا۔ ہڑتالی ورکرز نے ترک کمپنی کے معاہدہ کے مطابق تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری بلدیات نے ورکرز کو فی الفور پوری تنخواہ ادا کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ 

ترجمان کے مطابق سیکرٹری بلدیات نے ورکرز کو نئے یونیفارم اور جوتے دینے کے احکامات بھی دیے ہیں۔ مسائل حل ہونے پر مکینیکل ورکشاپ ورکرز نے فوری کام شروع کردیا۔ انہوں نے ورکرز کو پوری لگن سے کام کرنے اور مشینری کو جلد از جلد کار آمد بنانے کی ہدایت دی۔ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ لاہور ہم سب کا گھر ہے، گھر کی صفائی کرنا ملازمت کے ساتھ ساتھ عبادت بھی ہے۔

سیکرٹری بلدیات نے انتظامیہ، ورکرز اور عوام نے مل کر صفائی نظام میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔ ہم سب نے مل کر لاہور کو جلد صاف، دلکش اور قابل رشک شہر بنانا ہے۔

دوسری جانب شہر میں کوڑا اٹھانے کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، والٹن روڈ لیاقت آباد میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگے ہیں، بھرے ہوئے کچرا دانوں کی وجہ سے تعفن پھیل رہا ہے جس سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی لوگوں کا سانس لینا بھی دشوار ہوچکا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایک سال سے ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کررہے ہیں مگر شنوائی نہیں ہورہی، اعلیٰ حکام نوٹس لے کر علاقے میں صفائی کروائیں۔ 

مزیدخبریں