وقاص احمد: ڈاکو بے لگام، پولیس پکڑنے میں ناکام، بادامی باغ میں دلہا، دلہن لٹ گئے، فیملی کے دیگر افراد بھی نقدی و زیورات سے محروم، تین ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی اور فائرنگ کرتے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حسین پارک کے رہائشی متاثرہ دلہا عاشر کے مطابق وہ گزشتہ رات شادی ہال سے گھر جارہے تھے کے عثمان چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روکا اور لوٹ مار شروع کر دی۔ اسی دوران مزاحمت کی کوشش کی گئی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔
ڈاکو دلہا، دلہن اور گاڑی میں سوار دیگر خواتین سے زیورات، نقدی و قیمتی اشیا لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ متاثرہ دلہا کی درخواست پر بادامی باغ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دلہا کے گھر والوں کے مطابق واردات سے چند قدم کے فاصلے پر ڈولفن فورس کا ناکہ اور چند میٹر پر بادامی باغ تھانہ ہے۔
دوسری جانب چوروں نے سروسز ہسپتال کے ڈاکٹروں کو بھی نہ چھوڑا،نامعلوم چور ڈاکٹروں کے کمرے سے لیپ ٹاپ اور پیسے چوری کرکے فرار ہوگیا۔ سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی فوٹیج میں ملزم کو کمرے میں جاتے اور سامان کیساتھ فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔چور ڈاکٹر نیئر کا لیپ ٹاپ اورڈاکٹر شاہ عالم کے ایک لاکھ اور لیپ ٹاپ لے گیا۔
متاثرہ ڈاکٹروں نے اندراج مقدمہ کے لیے شادمان تھانے میں درخواست دے دی ہے۔ تاہم دو روز بعد بھی پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔