تفتیشی افسر کو کیس کی تفتیش کیلئے اب 30 ہزار ملیں گے

8 Mar, 2020 | 10:34 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) پنجاب میں جرائم کے خاتمے کیلئے قتل کی تفتیش سے لے کر ٹرانسپورٹ، نئے آلات کی خریداری اور تھانوں کیلئے اربوں روپے مختص، پی ایس پی کا ایگزیکٹو الاؤنس بھی بحال، وزیر قانون نے کہاکہ وسائل مہیا کرنے بعد احتساب کریں گے۔

محکمہ تعلقات عامہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت پولیس فورس کو زیادہ سے زیادہ وسائل مہیا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں رواں اور آئندہ مالی سال کے دوران تھانوں کی نئی عمارتیں، گاڑیوں اور دیگر آلات کی خریداری کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھاکہ پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 10 ہزار600 اہلکاروں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پی ایس پی کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے ایگزیکٹوالاؤنس کو بحال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی او کو اب قتل کے تفتیش کیلئے 525 نہیں بلکہ 30 ہزار روپے ملیں گے، پولیس کے رویے اور کارکردگی میں واضح تبدیلی لانے کے لئے 4 مراحل میں 48 ارب روپے دینے کے ساتھ سخت مانیٹرنگ کامیکنزم لا رہے ہیں۔

 ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے موقع پرصوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر بھی ان کیساتھ موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر کے تھانوں کے لئے 500 اور پٹرولنگ پولیس کے لیے 68 نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں۔ جو صرف سرکاری ڈیوٹی کے لیے استعمال ہو سکیں گی۔

 وزیر قانون نے کہا کہ 49 تھانوں کی زیر تعمیر عمارتیں مکمل کرکے فعال کی جائیں گی جبکہ 101 تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کر کے وہاں نئی عمارتوں کی تعمیر شروع کی جائے گی، فرسودہ وائرلیس سسٹم و ڈیجیٹل آلات کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کے لئے قانون کے مطابق کام کر رہی ہے، جبکہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو بھی عدالت سے سزا دلوائی گئی تھی تاہم فریقین نے خود صلح کر لی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے عورت مارچ کی اجازت دی تو قانون کے مطابق اقدامات کریں گے۔

راؤہاشم ڈوگر نے کہا کہ 10سال تک پولیس کو وسائل مہیا کرنے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے اور اب پولیس سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پولیس کے خدمت مراکز کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں