سٹی42: کروڑوں روپے کمانے اورٹیکس بچانے کیلئے اپنی آمدن چھپانے والے مہنگے ڈاکٹروں کی شامت آگئی، ایف بی آر نے جیل روڈ پر شہر کے معروف گائناکالوجسٹ پروفیسرڈاکٹرمحمد ارشد چوہان کے کلینک پر چھاپہ مارکرفیسوں، لیبارٹری چارجز اور بینک اکاونٹس کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا۔
ایف بی آر نے کروڑوں روپے آمدن کے باوجود قوانین کے مطابق ٹیکس ادائیگی نہ کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، ایف بی آرکی ٹیم نے جیل روڈ پر شہرکے معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد چوہان کے کلینک پر چھاپہ مار کر آمدن اورسیلز، پرچیز کا مکمل ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے۔
ایف بی آر نے ڈاکٹر ارشد چوہان کے کلینک سے مریضوں سے لی گئی کنسلٹنسی فیس کا ریکارڈ بھی اٹھا لیا ہے، یف بی آر نے ڈاکٹر ارشد چوہان کے کلینک کی لیبارٹری فیسوں، بنک اکاؤنٹس کا ریکارڈ بھی قبضہ میں لے لیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق پروفیسرڈاکٹرمحمد ارشد چوہان پر پرائیویٹ پریکٹس کی انکم چھپا کر بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا الزام ہے، ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسرڈاکٹر ارشد چوہان ماہانہ کروڑوں روپے کمانے کے باوجود پرائیویٹ پریکٹس کی سالانہ آمدن تقریبا 22لاکھ روپے ظاہر کررہے تھے۔ ایف بی آر کی ٹیم نےکمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر سرمد قریشی کی ہدایت پر کارروائی کی ہے، ایڈیشنل کمشنر کاشف اظہر، اسسٹنٹ کمشنر سفیان عدیل، ان لینڈ ریونیو آفیسرعبدالرشیدخان، انسپکٹر سید وقارحیدر، محمد حمزہ، محمد احمد، محمد جمیل چھاپہ مار ٹیم میں شامل تھے۔