لوگ پڑھنا چاہتے ہیں آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن مواقع نہیں ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

8 Jun, 2024 | 09:06 PM

 نمرہ ریاست :  امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن پاکستان کی اتنی بڑی آبادی ملک نہیں چھوڑ سکتی، اس لئے اس ملک کو اس قابل بنانا ہے کہ یہ کامیاب ہو ۔ 

  جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت بنو قابل ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے، ٹیسٹ میں حصہ لینے والے طلبا کو آئی ٹی سمیت دیگر کمپیوٹر کوسز کروائے جائیں گے۔ 

بنو قابل پروگرام میں حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت بنوقابل پروگرام کے باعث یہ گراونڈ بھر گیا ہے، اس کا کریڈیٹ ضلعی انتظامیہ کو جاتا ہے، ٹیسٹ کے رزلٹ کے بعد انٹرویوز ہونگے، اس کے ذریعے آپ کو بہتر روزگار مل سکتا ہے۔ آغاز میں لوگوں نے تنقید کی کہ یہ چل نہیں سکتا، اب تو اورنگی اور بلدیہ میں بھی کورسز کروایئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو قوم کے بچوں کو پڑھانے کا فخر ہے ، پاکستان مایوسی کی جانب بڑھ رہا ہے، تعلیم جو ریاست کی ذمہ دار ہے وہ اسے پورا نہیں کر رہے۔ غریب کے بچے بجلی گیس کے بلوں میں پھنسے ہیں، انکے بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جب اسٹریٹ کرمنلز بے لگام ہوں اور جگہ جگہ منشیات کے اڈے ہوں تو لوگ مایوس ہوتے ہیں۔ پاکستان کی اتنی بڑی آبادی ملک نہیں چھوڑ سکتی، اس لئے اس ملک کو اس قابل بنانا ہے کہ یہ کامیاب ہو ، لوگ پڑھنا چاہتے ہیں آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن مواقع نہیں ہیں۔ آپ دل لگا کر اسے مکمل کریں اور پھر چراغ سے چراغ جلائیں، ایسی قوت بن جائیں کہ کوئی میلی آنکھ سے اس ملک کی جانب نہ دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا ہدف 10 لاکھ لوگوں کو فری آئی ٹی ایجوکیشن دیں گے، اگلا مرحلہ اساتذہ کی ٹریننگ کا ہے۔ نصاب سازی کے ادارے سے معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ سالانہ ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ دیں گے ۔ 

 امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کام نہیں کر رہی اور آئی ٹی منسٹر ہمارے کسی کام کے نہیں ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے اسی شہر کا آئی ٹی منسٹر بن رہا ہے۔ میں نام لے کر بات نہیں کروں گا، فارم 47 والوں کا ویسے بھی ذکر نہیں کرنا چاہتا۔ نوجوانوں کے پاس سوشل میڈیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ پاکستان کے پاس سونا، تانبا اور کئی دیگر معدنیات ہیں۔ یہ حکومت اگر نالائقی کرے گی تو ان سے حساب بھی لیں گے۔ اگر پاکستان کو چند لوگوں نے کھا لیا ہے تو اس میں ملک غلطی نہیں ہے۔ قائداعظم نے بڑی محنتوں سے ملک آزاد کروایا ہے، لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بنو قابل پروگرام طلبا میں امتحانی پرچہ تقسیم کیا جا رہا ہے، 50 سوالات پر مشتمل امتحان کیلئے ایک گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ۔ 

مزیدخبریں