سٹی42: سکھ مذہب کے دوسرے مقدس ترین گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں میں جوڑی میلہ کی تین روزہ تقریبات آج شروع ہو رہی ہیں۔
جوڑی میلہ میں دنیا بھر سے سکھ دھرم کے پیروکار شریک ہو رہے ہیں۔ بھارت سے بھی سینکڑوں سکھ یاتری آج شام کو حسن ابدال پہنچ گئے۔
حسن ابدال میں جوڑ ی میلہ کے موقع پر سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیئے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔ اٹک پولیس کے 700 اہلکار سکیورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
ایلیٹ فورس کے اہلکار وں کی بھی 25 ٹیمیں گوردوارہ کے اطراف تعینات ہوں گی۔سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خود کریں گے۔
جوڑی میلہ یا جوڑ میلہ؛ گورو ارجن دیو سنگھ جی کی شہیدی کی یاد
سکھ پنتھ کے پانچویں گورو ارجن دیوجی کے شہیدی دن اورجوڑ میلے کی تقریبات ہر سال حسن ابدال کے گوردوارہ پنجہ صاحب کے ساتھ لاہور کے گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور ننکانہ صاحب کے گوردوارہ جمن استھان صاحب میں ہوتی ہیں۔ اس میلہ کو سکھ کمیونٹی میں خصوصی تقدس کا درجہ حاصل ہے۔
گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ اور گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کے سبب خصوصی اہمیت حاصل ہے جبکہ لاہور کے گوردوارہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب کے حوالے سے سکھ پنتھ کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ یہ گورو ارجن دیو سنگھ کی شہیدی کے مقام پر تعمیر کیا گیا ہے۔ لاہور کے شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد سے ملحقہ گورود وارہ ڈیرہ صاحب وہ مقام ہے جہاں جون 1606 میں گورو ارجن دیو جی پر انتہائی تشدد کیا گیا تھا۔ نانک شاہی کیلنڈر کے مطابق گوروارجن دیوجی کاشہیدی دن ہر سال جون میں منایاجاتا ہے جس میں دنیا بھرسے سکھ یاتری شریک ہوتے ہیں۔
پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ سکھوں کوحقیقی خوشی اُس دن ہوگی، جب دنیا بھر سے سکھ یاتری لاہور میں گورو کا درشن کریں گے۔