اویس کیانی : وزیراعظم شہباز شریف چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے،وزیراعظم کا طیارہ لاہور لینڈ کیا،وزیر اعظم شہباز شریف اولڈ ایئرپورٹ سے اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن کیلئے روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی پر شانشی صوبے کے نائب گورنر، اعلیٰ چینی و پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے وزیراعظم کو الوادع کیا تھا،وزیراعظم شہباز شریف کا 5روزہ دورہ چین پاکستان اور چین کے تعلقات کی مضبوطی، دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات و سٹریٹجک شراکت داری اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ حالیہ دورہ چین پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہے،چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم پریمئیر لی چیانگ کا مہمان نوازی پر دل سے مشکور ہوں،پاکستان اور چین کی دوستی لازوال اور بے مثال ہے۔
ان کاکہناتھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت چینی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کی پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی،چین کی انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و دیگر شعبوں میں ترقی قابل تقلید ہے،چین اور پاکستان کی اقتصادی شراکت داری سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہونگے،حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والی مثبت پیش رفت کے اثرات طویل مدت تک قائم رہیں گے۔