(ویب ڈیسک) مزاحیہ انداز میں گلوکاری کرکے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان نے ” بدو بدی2“ جلد ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
حال ہی میں چاہت فتح علی خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے بے پناہ محبت حاصل کرنے پر فخر محسوس کر تے ہوئے اپنی فلم، گانوں اور “بدو بدی 2 “سمیت متعدد پروجیکٹس کا بھی اشارہ دے دیا۔
”بدو بدی 2“ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ میرے پاس بہت سے آنے والے پروجیکٹس ریلیز ہونے کے لیے تیار ہیں۔ میں ایک فلم ”سبق“ بنا رہا ہوں، جسے آپ میرے یوٹیوب چینل پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ میں 6 گانے ریلیز کروں گا اور ”بدو بدی 2“ بھی آئے گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ مداحوں کو اس میں ایک نئی اور خوبصورت ماڈل نظر آئے گی۔ میں اب نئی ماڈلز کے ساتھ کام کروں گا، بہت سے لوگ اب میرے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آپ سب کا شکریہ۔
یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان نے اپنے متعدد گانوں کے بعد بدو بدی گزشتہ ماہ ریلیز کیا تھا،معروف پنجابی گانا ’اکھ لڑی بدو بدی‘ ملکہ ترنم نور جہاں کی ملکیت ہے جسے چاہت فتح علی خان نے بغیر اجازت کے گایا اور یوٹیوب پر اپلوڈ کیا تھا جس نے یوٹیوب پر دیکھتے ہی دیکھتے 28 ملین ویوز حاصل کر لیے تھے تاہم اب یوٹیوب کی جانب سے چاہت فتح علی خان کے گانے بدو بدی کو غیر قانونی طور پر گانے اور اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کرنے کے نتیجے میں حذف کیا گیا ہے۔
چاہت فتح علی خان اپنے مزاحیہ گانے اور مضحکہ خیز انداز کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ان کا تعلق پاکستان سے ہے، لیکن ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ بھی ہے۔ انہوں نے کرکٹ کھیلی، اوبر ڈرائیور کے طور پر کام کیا اور برطانیہ میں دیگر ملازمتیں بھی کر چکے ہیں۔