بادل جم کر برسیں گے،محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی

8 Jun, 2024 | 09:53 AM

 (فاطمہ عارف) شہر لاہور  میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ  مچولی کے ساتھ  تیز ہواؤں کا راج برقرار ہے  جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش  کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ  ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد  ہے۔
عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 8ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 135ریکارڈ کی گئی، سی ای آر ایف آفس 163،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 89ریکارڈ اور سید مراتب علی روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 139ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا  تاہم  اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، بالائی اور وسطی پنجاب میں بارش ہونے کا امکان ہے،گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ دادو،خیرپور،جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر،گھوٹکی اورشکارپورمیں بارش کی توقع ہے جبکہ کشمور، نوشہرو فیروز، بینظیر آباداور سانگھڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور خیبر پختونخوا میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بار ش ہونے کی توقع ہے۔ خضدار،قلات،لسبیلہ، جھل مگسی،سبی،نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، موسی ٰ خیل، شیرانی،ژوب، تربت،گوادر،خاران میں بارش ہونے کا امکان  ہے۔ آواران، کیچ اورپنجگور،  مری، گلیات، جہلم، فیصل آباد،لیہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش برسے گی۔ بہاولنگر،رحیم یار خان،صادق آباد،لودھراں،وہاڑی، راولپنڈی، راجن پور، بہاولپور، خانیوال،ساہیوال،پاک پتن،لاہور، قصوراوراوکاڑہ میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں