ویب ڈیسک: اب تقریباً یقینی ہو گیا ہے کہ 29 ذی القعد بروز پیر 19 جون کی شام رویت ہلال باآسانی ہو جائے گی۔ یکم ذی الحجہ منگل 20 جون کو جبکہ عید الاضحٰی جمعرات 29 جون 2023ء کو ہو گی۔
رویت ہلال کمیٹی کے مطابق نیا چاند اتوار 18جون 2023 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 37 منٹ پر پیدا ہو گا۔ 29 ذی القعد یعنی پیر 19 جون 2023 کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 33 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چُکی ہو گی۔
دوسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 80 منٹ سے بھی زائد ہو چُکا ہو گا۔
چنانچہ پاکستان کے جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا وہاں سوموار 19 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ سے بہ آسانی ممکن ہو گی، چاند تادیر اور واضح دکھائی دے گا، اِس طرح پاکستان میں یکم ذوالحجہ منگل 20 جون 2023 کو جبکہ عید الاضحیٰ جمعرات 29 جون 2023 کو ہو گی۔