قذافی بٹ: آزاد کشمیر کے انتخابات، لاہور کی پی ٹی آئی قیادت نے اعلیٰ قیادت پر پیسے لے کر ٹکٹیں فروخت کرنے کا الزام عائد کر دیا، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبرز اور پی ٹی آئی شمالی کے صدر غلام محی الدین دیوان کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی۔
پی ٹی آئی شمالی لاہور کے صدر غلام محی الدین دیوان مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا نام لیے بغیر انہیں گالیوں سے نوازتے رہے، غلام محی الدین نے مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار محمد ریاض کے ساتھ گفتگو کی۔ گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیر سے لے کر فقیر تک سب نے پیسے کھائے، پیسے لے کر ٹکٹیں دی گئیں۔ جن کو ٹکٹ دئیے گئے سارے ہی نوسر باز ہیں، اگر یہ انسان کے بچے ہوتے تو یہ درست طریقے سے سیٹیں دیتے۔
غلام محی الدین دیوان نے آڈیو ٹیپ میں کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ کس نے کتنے پیسے لیے لیکن پیسوں کے بغیر کسی کو ٹکٹ نہیں دئیے گئے۔ پی ٹی آئی رہنما نے شیخ رشید اور امین علی گنڈا پور کو بھی اپنے گفتگو میں رگڑا لگاتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی شیخ رشید نے مروایا تھا اب بھی وہ مروا رہے ہیں۔
ہمارے پاس اچھے بھلے امیدوار ہونے کے باوجود انہیں ٹکٹیں دی گئیں جن سے پیسے لیے گئے، غلام محی الدین بار بار لیڈر شپ کو گالیاں نکالتے رہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے آڈیو ٹیپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو میں نے ہی کی ہے پر کسی کو گالیاں نہیں نکالیں،، میں پارٹی ڈسلپن کا پابند ہوں۔