مانیٹرنگ ڈیسک: کینیڈا کی ریاست اونٹاریو میں نوجوان ٹرک ڈرائیور نے مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھا دیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں کے مطابق کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں پک اپ ٹرک ڈرائیور نے فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھا کر ایک ہی خاندان کے چار افراد کو کچل کر ہلاک کردیا۔ مقامی پولیس نے اس واقعہ کو مسلم نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس متاثرہ خاندان میں سےایک بچہ زندہ بچ سکا ہے جس کی عمر 9 سال ہے. بچے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے جبکہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین ہے یہ حادثہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم نفرت انگیز واقعہ کا شکار افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، کینیڈا میں اسلامو فوبیا کیلئے کوئی جگہ نہیں، نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔
To the Muslim community in London and to Muslims across the country, know that we stand with you. Islamophobia has no place in any of our communities. This hate is insidious and despicable - and it must stop.
— Justin Trudeau (@JustinTrudeau) June 7, 2021
دوسری جانب کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے چار پاکستانی نژاد شہریوں کے قتل کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن میں ہونے والا واقعہ اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کا نتیجہ ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل متاثرہ افراد سے اظہار تعزیت کریں گے،غمزدہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔