لاہور میں ڈینگی وائرس نے بھی سر اُٹھا لیا

8 Jun, 2021 | 02:06 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (عثمان علیم) کورونا کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی وائرس نے سر اُٹھا لیا،شہر  میں ڈینگی کیسز کی تعداد 15 تک جاپہنچی، ڈینگی ٹیموں کی کورونا ویکسی نیشن سنٹرز اور دیگر جگہوں پر ڈیوٹیوں سے شہر میں سرویلنس کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ 

ذرائع کے مطابق شہر میں ڈینگی سرویلنس نہ ہونے کے برابر ہے جس سے کیسز میں اضافے کے خدشات بڑھنے لگے ہیں، ڈینگی سرویلنس کی زیادہ تر ٹیموں کی ڈیوٹیاں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز اور دیگر جگہوں پر لگنے سے سرویلنس کا عمل بری طرح متاثر ہے، ڈینگی ہاٹ سپاٹس ایریاز کی چیکنگ اور لاروا کی تصدیق کا عمل بھی متاثر ہے۔ 

ذرائع کے مطابق شہر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی، یکم جنوری سے 7 جون تک شہر میں دوران سرویلنس 7 ہزار 369 گھروں سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی ہے۔

 طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی بخار ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے، ڈینگی بخار کی نمایاں علامات میں تیز بخار، سر درد، متلی، جوڑوں اور پٹھوں میں شدید درد اور ڈائریا شامل ہیں، ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض  پہنی جائے، بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پودوں اور بیلوں کی کیاریوں میں مچھر مار سپرے کرائی جائے، جسم کے کھلے حصے، منہ اور بازوؤں پر مچھر بھگانے والا لوشن لگایا جائے، گھروں اور دفاتر میں مچھر مار سپرے، کوائل اور میٹ کا استعمال کیا جائے، کھڑکیاں اوردروازے بند رکھے جائیں۔ 

 

 

مزیدخبریں