(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار و موسیقار اور کوک اسٹوڈیو کے ڈرمر فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے، ان کے انتقال کی خبر گلوکار کے آفیشل فیس بک پیج کے ذریعے دی گئی ۔
گلوکار کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ فرہاد ہمایوں کا انتقال آج صبح ہوا، فرہاد کی خواہش تھی کہ ان کی زندگی کا جشن منایا جائے لہٰذا پوسٹ میں ان کے اہلخانہ، دوست احباب اور مداحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان کی خواہش کا احترام کریں اور ان کی مغفرت کیلئے دُعا کریں۔
پوسٹ میں گلوکار کی موت کی وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم 2018 میں فرہاد نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی طویل پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ وہ برین ٹیومر کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں،اس بیماری کا انہیں سیزیئر نامی بیماری کے دوران پتہ چلا یہ اعصابی بیماری ہے جس میں مبتلا شخص کو اچانک دماغ میں کرنٹ جیسے جھٹکے لگتے ہیں، فرہاد ہمایوں نےخود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کے بہترین سرجن نے ان کا آپریشن کیا لیکن یہ آسان نہیں تھا۔