نشترپارک (حافظ شہباز علی) سپورٹس بورڈ پنجاب نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنیوالے کم عمرنوجوان شہروز کاشف کو یوتھ ایمبیسیڈر مقرر کردیا، اس سلسلہ میں پیر کے روز تقریب ای لائبریری نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے پروقار تقریب میں شہروز کاشف کو نوجوانوں کا سفیر مقرر کرنے کا لیٹر دیا اور انعامی رقم ایک لاکھ روپے کا چیک دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ شہروز کاشف پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں، جنہوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر ہم شہروز کاشف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہروز کاشف جیسے نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، شہروز کاشف کے عظیم کارنامے کے باعث ان کویوتھ ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے تاکہ دوسرے نوجوانوں میں بھی کچھ کرنے کا عزم پیدا ہو، جس نوجوان میں جو بھی ٹیلنٹ ہو، سپورٹس بورڈ پنجاب اس کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اعلان کیا کہ کوہ پیمائی کو فروغ دینے کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کلائمبنگ وال تعمیر کریں گے تاکہ کوہ پیمائی کے شوقین اپنے شوق کو پورا کرسکیں۔
انہوں نے شہروز کاشف کے والد کاشف کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے والد نے شہروز کی 12سال کی عمر میں ان کے شوقین کو دیکھتے ہوئے کوہ پیمائی کا شعبہ اپنانے میں بھرپور ساتھ دیا اور اسے آگے بڑھایا۔
اس موقع پر کوہ پیما شہروز کاشف نے کہا کہ میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے عزت بخشی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے12 سال کی عمر میں کوہ پیمائی شروع کی، میں نے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا مگر میں نے ہمت نہیں ہاری،13سال کی عمر میں شمشال چوٹی سرکی اور 17سال کی عمر میں براڈ پیک سر کی اور اب ماؤنٹ ایورسٹ سر کی ہے، میری پوری قوم نے حوصلہ افزائی کی، اب میں دنیا کی چوتھی خطرناک ترین چوٹی مناسلو دو ماہ بعد سر کرنے جارہا ہوں، قوم کو دو ماہ بعد ایک اور خوشخبری دوں گا۔
سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ شہروز کاشف ہمارا ہیرو ہے جس نے کم عمری میں بہت بڑا کام کیا اور ملک کا نام روشن کیا ہے اور اقبال کا شاہین ہونے کا ثبوت دیا، شہروز نے 17سال کی عمر میں براڈ پیک کو سر کرلیا تھا جس پر انہیں براڈ بوائے کا خطاب دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، مالی سال 2020ـ21میں ایک سو سافٹ سپورٹس گراؤنڈز اور 16 تحصیل سپورٹس کمپلیکس مکمل کرلئے ہیں، اگلے سال پنجاب بھر میں کھیلوں کے متعدد منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن میں سپورٹس ویلیج سرفہرست ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی روایت رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جنہوں نے کوئی بھی اعزاز حاصل کیا ہو جس سے ملک وقوم کا نام روشن ہوا ہو، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے یہ سلسلہ جاری کیا ہوا ہے اور اسے آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہروز کاشف نے 19سال کی عمر میں 11مئی 2021ء کو دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرکے پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے، یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے، شہروز کاشف لاہور کے رہائشی ہیں اور کوہ پیمائی کو اپنا پیشہ بنایا اور کم عمری میں ہی پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں، ان کے کام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہروز کاشف کا یوتھ ایمبیسیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اللہ تعالی نے ہمیں بہترین یوتھ سے نوازا ہے، یوتھ کے حوالے سے ہماری سکیمیں چل رہی ہیں جن میں یوتھ ایکس چینج پروگرام بھی شامل ہے، آنے والی سکیم میں یوتھ ہاسٹل بھی شامل ہے، 8 ہاکی سٹیڈیم بمعہ آسٹروٹرف مکمل کرلئے ہیں، ہر جگہ آسٹروٹرف دے رہے ہیں، 28 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بنارہے ہیں، تین ہائی پرفارمنس سنٹر بنارہے ہیں، یوتھ اور سپورٹس کو ساتھ ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔