کورونا وائرس نے اہم شخصیات کو ہدف بنالیا،شیخ رشید بھی زد میں آگئے

8 Jun, 2020 | 03:02 PM

Azhar Thiraj

(سعید احمد سعید)  ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں ،اب تک ایک لاکھ سے زائد کیس سامنے آچکے ہیں،2 ہزار سے زائد اموات سامنے آئی ہیں۔کورونا  نے عام افراد کے ساتھ اہم شخصیات کو آسان ہدف بنا لیا ہے،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی مثبت آ گئی، ترجمان ریلوے کے مطابق شیخ رشید کو بظاہر کرونا کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ احتیاطً کروایا جانے والا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، رہورٹ آنے کے بعد شیخ رشید احمد آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔ وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے سیلف قرنطینہ میں رہیں گے۔

جس پر صدر پاکستان جناب عارف علوی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور گورنر سندھ عمران اسمعیٰل کو شیخ رشید احمد کو فون کیا، شیخ رشید احمد کی خیریت دریافت کی۔ جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شیخ رشید احمد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر مملکت چیئرمین سینٹ اور گورنر سندھ کو تشویش کا اظہار کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں خیریت سے ہوں۔ دعاوں کا شکر گزار ہوں، وفاقی وزیر شیخ رشید احمدنے خیریت دریافت کرنے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

 دوسری جانب سابق صوبائی وزیر سردار درمحمد ناصر کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔سردار در محمد ناصر کے خاندانی ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن جانبر نہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق سردار در محمد ناصر کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے دکی لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سردار در محمد ناصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار در محمد ناصرسرئر اور بااصول سیاستدان اور نفیس انسان تھے، اللہ پاک انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کرگئے۔سندھ کے وزیر کچی آبادی غلا م مرتضیٰ بلوچ، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ، تحریک انصاف کے ایم پی ایز جمشید کاکا خیل اور شاہین رضا بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکی ہیں۔

یاد رہے ملک بھر میں لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے،معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں کہ 92 فیصد کورونا مقامی سطح پر پھیلا ہے۔

مزیدخبریں