حافظ شہباز علی: پاکستان اورایشین ہاکی کےلیےبڑی خبر، انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نےورلڈ کپ میں ایشین ٹیموں کا کوٹہ بڑھا دیا، اب ایشیا کی تین ٹاپ ٹیمیں براہ راست ورلڈکپ کےلیےکوالیفائی کریں گی، ایشین ہاکی فیڈریشن کےچیف ایگزیکٹو طیب اکرام کہتےہیں کہ ایشین ہاکی کی اہمیت کومنوا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایشین ہاکی فیڈریشن کی کوششیں رنگ لےآئیں، فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نےورلڈکپ میں ایشین ٹیموں کا کوٹہ بڑھادیا، نئےکوٹہ سسٹم کےتحت ہاکی ورلڈکپ 2022 میں ایشیا کی تین ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، ایف آئی ایچ کےاس فیصلےکےبعد آئندہ برس ہونےوالے ایشیا کپ میں پہلی تین پوزیشنز پرآنے والی ٹیمیں براہ راست ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
اس سےپہلے صرف ایشیا کپ کی فاتح ٹیم ورلڈکپ کےلیےکوالیفائی کرتی تھی، جبکہ دیگرٹیمیں کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کھیل کرمیگاایونٹ تک رسائی حاصل کرتی تھیں، پاکستان سےتعلق رکھنے والےایشین ہاکی فیڈریشن کےچیف ایگزیکٹو طیب اکرام نےایف آئی ایچ کےفیصلے پر خوشی کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ ایشین ہاکی کی افادیت کومنوالیا ہے، پاکستان سمیت ایشین ٹیموں کوورلڈکپ کے قریب لےآئےہیں۔
ورلڈکپ ہاکی کےلیےنئے سٹرکچر کےبعد توقع کی جارہی ہےکہ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈکپ ہاکی کےلیےکوالیفائی کرنےمیں کامیاب ہو جائےگی،،جبکہ مجموعی طور پر ایشیا کی چارسے پانچ ٹیمیں میگاایونٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گی۔
دوسری جانب پاکستان سمیت مختلف ممالک نے اپنے مقامی حالات کے مطابق ایس او پیز کے تحت ڈومیسٹک ہاکی مقابلے کروانے کی حکمت عملی بنالی ہے، پی ایچ ایف اگست میں ہاکی سرگرمیاں شروع کرنے کا پلان بنارہی ہے۔ پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے دنیا کے مختلف ممالک کو ایس او پیز کے ساتھ ڈومیسٹک ہاکی شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے تاہم ایف آئی ایچ نے اس سال انٹر نیشنل ہاکی کے تمام ایونٹ ملتوی کر دئیے ہیں، پی ایچ ایف کو بھی مقامی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ڈومیسٹک ہاکی کروانے کی اجازت مل گئی۔