سٹی 42:ارطغرل ، حلیمہ سلطان ،عبدالرحمان کے بعد ڈرامہ ’’ ارطغرل غازی ‘‘کی ایک اور اداکارہ نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔
ارطغرل سیریز میں بورجو نے گوکجی کے نام سے کردار نبھایا ہے جس میں وہ ترک کائی قبیلے کی ایک اہم خاتون سمجھی جاتی ہیں۔ سیریز میں وہ ترک کے ایک اور قبیلے ایغوز قبیلے کے سردار کے بیٹے ’توکتومین‘ سے شادی کرتی ہیں تاہم بعد میں گوکجی سلیمان شاہ اور کائی قبیلے کے خلاف بغاوت اور غداری کرنے والے سلیمان شاہ کے چچا کے ساتھ مل جاتی ہیں۔
غیر ملکی ادارے کو انٹرویو میں بورجو کہتی ہیں کہ ارطغرل ٹی وی سیریز میں ایک خانہ بدوش قبیلے کے سربراہ کی اہلیہ کا کردار نبھانا مشکل ضرور تھا لیکن مجھے اس کردار کے ساتھ محبت نے اس قابل بنایا کہ میں وہ کردار نبھا سکوں۔ اس کردار کے ساتھ میرا اپنا لگاؤ تھا جس میں گوکجی ایک معصوم لیکن مضبوط عورت تھی اور مجھے اپنی آباواجداد کی تاریخ پر فخر ہے۔
بورجو کیراتل کا کہنا تھا کہ ارطغرل سیریز ایک ٹیم ورک تھی اور انہیں بہت اچھا محسوس ہو رہا ہیں کہ پاکستان میں اس ڈرامے کو پسند کیا گیا ہے۔ شروع دن سے میرا یہی خیال تھا کہ ارطغرل سیریز دنیا کے ہر کونے میں پہنچ جائے گی اور اس کے پیچھے کرداروں کی انتھک محنت اور محبت ہے۔پاکستان میں ارطغرل دیکھنے والوں کے بارے میں بورجو کا کہنا تھا کہ مجھے آپ سے پیار ہے جس طرح آپ نے اس سیریز کے ساتھ محبت کی ہے۔ مجھے بہت جلدی ہے کہ میں پاکستان چلی جاؤں اور ان سارے فینز کے ساتھ مل سکوں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ پہلے ہی سے اس ڈرامے نے پاکستان اور ترکی کے مابین اچھے تعلقات کو پورا کیا ہے اور ہماری لیے یہ اعزاز کی بات ہے۔