(حسن علی)برائلر کی رسد بہتر ہونے سے مرغی کا گوشت 12 روپے کلو سستاہوگیا، زندہ مرغی کی ہول سیل قیمت 180، پرچون 188روپے فی کلوہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں مرغی کی قیمت کی پرواز تھم گئی،برائلرکی رسد میں بہتری سےقیمت مزید کم ہوگئی، مرغی کا گوشت 12 روپے کلو سستاہوگیا،12 روپے کمی کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت 284 روپے کم ہو کر 272 روپے کلو مقرر ہوگئی، زندہ مرغی کی ہول سیل قیمت 180، پرچون 188روپے فی کلوہوگئی۔
گزشتہ روزبرائلرکی رسد میں بہتری سے برائلر گوشت کی قیمت 6 روپے کم ہوئی جس سے 284 روپے فی کلو ہو گیاتھا جبکہ زندہ مرغی 5 روپے کم ہو کر 196روپے فی کلو پر فروخت ہوئی اورفارمی انڈے 115 روپے فی درجن پر مستحکم رہے۔قبل ازیں شہر میں حکومت، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور لاہور پولٹری ٹریڈرزایسوسی ایشن کے مابین مرغی کی قیمتوں کے تعین کے لئے مذاکرات ہوئے جو کہ بے سود ثابت ہوئے، برائلر کی قیمت میں 35 روپے فی کلو کا اضافہ جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔
دس روز سےمرغی کی قیمت کے تعین کے حوالے سے حکومت، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن اور لاہور پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کےمابین جاری ڈیڈ لاک ختم ہونے پرمرغی کے گوشت کی قیمت حکومت نے 260 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی، جس پر لاہور پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال بھی کی۔
شہر میں مرغی کا گوشت سرکاری نرخنامے کی بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت ہوتا رہا، شہر میں سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 260 روپے مقرر کر دی گئی لیکن مرغی فروش برائلرگوشت 350 روپے میں فروخت کرتے رہے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت اشیا ضروریہ کی اپنے جاری کردہ سرکاری نرخنامے پر کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور منافع خور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔