کوچنگ کو بہتر بنائے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے: رفیق احمد

8 Jun, 2020 | 08:30 AM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کوچنگ کے شعبے کو بہتر بنائے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔

قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں اتھلیٹکس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم ہر ممکن کوشش کررہی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترقی کے لئے حکومت کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔

سابق قومی چیمپئن اور قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا کہ پاکستانی اتھلیٹ کسی سے کم نہیں بلکہ وسائل کی کمی ہے، انہوں نے کہا کہ پھر بھی ہمارے کھلاڑی کم وسائل کے باوجود بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن اس وقت تعلیمی اداروں میں حکومت کی جانب سے کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

قومی اتھلیٹکس کوچ رفیق احمد نے کہا کہ فیڈریشن اکیلی کچھ نہیں کرسکتی جب تک حکومت ساتھ نہ دے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سال میں باقاعدگی سے قومی سینئر، یوتھ اور جونیئر چیمپئن شپ کے الگ الگ مقابلے کروانے کے علاوہ کوچنگ کورسز کا بھی انعقاد کرتی ہے تاہم حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ بہت کم ملتی ہے جس میں تو ایک ایونٹ بھی کروانا مشکل ہوتا ہے۔

سابق قومی چیمپئن اور انٹرنیشنل اتھلیٹ رفیق احمد نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کی ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کے لئے کاوشوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات محنت سے ان تمام ایونٹس کا کامیاب انعقاد ہوتا ہے۔

مزیدخبریں