پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی

8 Jul, 2024 | 04:01 PM

علی رامے :    پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال25 -2024 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیسرے اجلاس میں مختلف سیکٹر زکی 7ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 24 ارب 44کروڑ 9لاکھ 66 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی. 

مالی سال25 -2024 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کےاجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن پر چیف منسٹر پروگرام کیلئے 9 ارب روپے رکھے گئے ، ضلع حافظ آباد میں دریائے چناب کے بائیں جانب کٹاؤ کے تحفظ کیلئے 84کروڑ 89لاکھ 66ہزار روپے رکھے گئے ، فیصل آباد جڑانوالہ روڈ کی بحالی و بہتری (مکوآنہ بائی پاس تا سید والا اوکاڑہ روڈ براستہ سید والا انٹر چینج موٹر وے M-3)کیلئے 3 ارب 80کروڑ 10لاکھ روپے رکھے گئے ، لاہور میں رنگ روڈ کو فیروز پور روڈ سے ملانے والے غازی روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 53کروڑ روپے رکھے گئے ، ننکانہ صاحب میں سید والا سے جڑانوالہ تک روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 1 ارب 32کروڑ روپے رکھے گئے ، فیصل آباد ستیانہ تاندلیانوالہ مری پتن اوکاڑہ روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 3 ارب 45کروڑ 10لاکھ روپے اور ساہیوال میں ساہیوال عارفوالا روڈ کی ڈسٹرکٹ باؤنڈری تک بحالی کیلئے 5 ارب 49کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل، چیف اکانومسٹ ناصر اقبال ملک، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں