(عرفان ملک) لاہور پولیس کے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا، لاہور میں کیٹگری اے کی457،کیٹگری بی کی2610اور کیٹگری سی کی801مجالس منعقد ہوں گی۔
ترجمان لاہور پولیس کا کہناتھا کہ لاہور میں کیٹگری اے کے17،کیٹگری بی کے74اور کیٹگری سی کے03لائسنسی جلوس نکالے جائیں گے،کیٹگری اے کے87،کیٹگری بی کے234اور کیٹگری سی کے43غیر لائسنسی جلوس نکلیں گے، عشرہ محرم الحرام کے دوران 11ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پرتعینات ہوں گے،محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کے ہاٹ سپاٹس میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،اے کیٹیگری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی چیکنگ کے لئے سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں،محرم الحرام کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے گی،محرم کے جلوسوں اور مجالس کی جگہوں پر روشنی کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے گا،ماتمی جلوسوں و مجالس کے سکیورٹی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا۔
سربراہ لاہور پولیس کا کہناتھا کہ ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے ماتمی جلوسوں کے روٹس پر متوقع بارش کے پیش ِنظرپیچ ورک اور بجلی کی لٹکتی تاریں کے ہٹانے سمیت موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں،خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کے لئےلیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی،حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔
سی سی پی او لاہور نےہدایت کی کہ سکیورٹی کے لئے سرچ اینڈ سویپ آپریشنزکا سلسلہ جاری رکھا جائے،پولیس افسران علما کرام، منتظمین اورمجالس و جلوس لائسنس ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں،محرم جلوسوں اور مجالس کے پر امن انعقاد اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت انتظامات کئے جائیں۔