ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتے کے روز اپنی مینیجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کا جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ ٹویٹر انتظامیہ سے شکایت کر کے بند کروا دیا۔
بورڈ حکام نے ٹویٹر سے رابطہ کیا اور ذکا اشرف کے نام سے نیلے مارک والا جعلی اکاؤنٹ چلائے جانے کی اطلاع دی اور اسے ہٹانے کے لئے کہا۔ پی سی بی نے ٹویٹر انتظامیہ کو بتایا تھا کہ اس کے موجودہ چیئرمین ذکا اشرف کا ٹویٹر پر موجود اس نام نہاد ویریفائیڈ اکاونٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ ذکا اشرف کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ جعلی اکاؤنٹ پر ذکا اشرف کی تصویر کے علاوہ کسی گراؤنڈ میں کھڑے کرکٹرز کی مرکزی پس منظر کی تصویر بھی تھی۔ حیران کن حقیقت یہ ہے کہ جعلی اکاؤنٹ پر "بلیو ٹک" لگا ہوا تھا۔