وزیراعلیٰ کا پنجاب بھر میں شرپسندو ں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرنےکا فیصلہ

8 Jul, 2023 | 06:59 PM

علی رامے

علی رامے : چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ 

اجلاس میں وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔پنجاب میں فورتھ شیڈول میں شامل  افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔

اجلاس میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔ جبکہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شرپسندو ں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے سی ٹی ڈی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔  

اجلاس میں پنجاب بھر میں سرچ اینڈ سویپ اور کومبنگ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے مطابق پنجاب بھر میں 280 ہاٹ سپاٹ کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔  آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے ٹاسک دے دیا گیا۔ اجلاس میں امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کا حکم دیا گیا۔ 

اجلاس میں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے -  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔

اسلاس میں چیف سیکرٹری نے دریائے چناب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مکمل مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔  چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ا نتظامات مکمل رکھے جائیں۔  فلڈ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 چیف سیکرٹری نے کہا کہ بارشوں کے دوران تمام مشینری اورڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل استعداد پر فعال رکھا جائے۔ 

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، انٹیلی جنس اداروں، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ
تمام ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ 

مزیدخبریں