ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے قصبہ شندور میں تاریخی شندور پولو فیسٹول جوش و خروش سے جاری ہے۔تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریبات بھی جاری ہیں۔
شندور چوگان میلہ ہر سال 7 سے 9 جولائی تک شندور ٹاپ کے بلند و بالا میدان میں منعقد کیا جاتا ہے جس کا مرکزی ایونٹ پولو ٹورنامنٹ ہوتا ہے۔
فیسٹول کے دوسرے روز کی تقریبات کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا۔
اس موقع پر فرنٹیئر کور اور گلگت بلتستان کے بینڈز نے قومی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیرستانی ڈانس اور ملی نغمے پیش کیے۔
تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے بھی کرتب دکھائے۔ شندور پولو فیسٹول کے دوسرے روز مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔
فیسٹول کے دوسرے روز بڑی تعداد میں ملکی اور غیرملکی سیاح پولو میچز سے لطف اندوز ہوئے۔
اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سول اور ملٹری حکام سمیت انتظامیہ کے عہدیداران، بڑی تعداد میں علاقے کی عوام اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔
تین روزہ فیسٹول نو جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔