سیالکوٹ، وزیرآباد اور گجرات اضلاع میں سیلاب کا خطرہ، وارننگ جاری

8 Jul, 2023 | 02:55 PM

ویب ڈیسک: دریائے چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں آج سے 10 جولائی تک  اونچےدرجےکے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔

دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب سے سیالکوٹ،گجرات اور وزیرآباد کے علاقے متاثر ہوسکتے ہیں، منڈی بہاءالدین اور حافظ آباد کے علاقے بھی ممکنہ سیلاب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

کمشنرگوجرانوالا کا کہنا ہےکہ صورتحال کو  مانیٹر کرنے کے لیےکمشنر دفتر میں ریجنل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، دریائے چناب سے ملحقہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ لگا دیےگئے ہیں۔

کمشنر کے مطابق فلڈ ریلیف کیمپ سیالکوٹ، گجرات اور  وزیرآباد میں لگائے گئے ہیں، حافظ آباد  اور منڈی بہاءالدین میں بھی فلڈ ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں۔


کمشنرگوجرانوالا کا کہنا ہےکہ  دریائے چناب کےکنارے آباد لوگوں کی نقل مکانی کے لیے اعلانات کرادیے ہیں، گوجرانوالا ریجن میں ریسکیو  اور  دوسرے متعلقہ محکموں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بیشتر علاقے بارش کی لپیٹ میں ہیں جب کہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ڈی ایم اےکے مطابق پنجاب میں بارشوں سے مختلف حادثات میں17 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانوالا میں 6، لاہور 4 ، شیخوپورہ اور چکوال میں3 ،3 ، جھنگ اور  فیصل آباد میں ایک ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جب کہ مختلف حادثات میں 49 افراد زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات نے آج سے 10 جولائی تک دریائے چناب، ستلج اور  راوی سے متصل علاقوں میں تیزبارش کی پیش گوئی ہے، شدید بارشوں سے مشرقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤبڑھنے لگا ہے جب کہ نشیبی علاقے زیر آب آنےکاخدشہ ہے، تیز بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کاخطرہ ہے۔

مزیدخبریں