ویب ڈیسک : عمان نے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر 24 ممالک کےمسافروں کی آمد پر پابندی عائد کردی۔پابندی کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
ویب ڈیسک کے مطابق عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کےباعث جن ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، گھانا، تیونس، برطانیہ، لبنان، برونائی، انڈونیشیا، ایتھوپیا، ارجنٹائن، ایران، برازیل، سوڈان، عراق، فلپائن، سنگاپور، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، کولمبیا، نائجیریا، لیبیا، گیانا اور سیرا لیون شامل ہیں۔
پروازوں پر پابندی کا مقصد عمان کی سرحدوں میں وائرس کو داخل ہونے سے روکنا ہے کیونکہ پابندی کی فہرست میں شامل تمام ممالک وائرس کی نئی قسم جو بہت زیادہ پھیلتی ہے سے نبرد آزما ہیں۔
عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر ایک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 24 ممالک سے سلطنت میں آمد کو اگلے نوٹس تک معطل کردیا گیا ہے۔ عمان میں کورونا وائرس کے 18 سو 24 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے کیسز کی مجموعہ تعداد دو لاکھ 78 ہزار 560 ہو گئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 33 سو سے زائد ہو گئی ہے۔