فہد علی: شاہدرہ فضل پارک کے علاقے میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے کے باعث ماں بیٹی زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمی ماں بیٹی کو اسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ فضل پارک شاہدرہ کے علاقے تین مرلہ گھر کی چھت گر گئی جس پر ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبہ ہٹایا۔ چھت گرنے کے باعث ماں بیٹی زخمی ہو گئیں، زخمیوں میں تیس سالہ خدیجہ اور دو سالہ ام حبیبہ زخمی شامل ہیں۔
ریسکیو نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تین مرلہ گھر کی چھت ٹی آر گارڈر کی مدد سے بنائی گئی تھی، چھت بوسیدہ ہونے کے باعث زمین بوس گوئی جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے چند روز قبل ملت پارک میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک مزدور جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا تھا۔پولیس نے متاثرہ مکان کو سیل کرکے جاں بحق نوجوان کی لاش تحویل میں لیکر مردہ خانے منتقل کر دی تھی جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ عمارت کا مالک اور ٹھیکیدار موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ ورثا کی جانب سے کوئی درخواست موصول ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔