سٹی42: سرکاری یونیورسٹیوں کے ملازمین کو سپیشل الاؤنس نہ دینے کا فیصلہ، یونیورسٹیوں کے ملازمین پر 25 فیصد سپیشل الاؤنس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری یونیورسٹیوں کے ملازمین کو سپیشل الاؤنس نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ الاؤنس کے فیصلے کا نوٹی فکیشن اپ ڈیٹ کرنے سے بھی روک دیاگیا ہے۔ سنڈیکیٹ ملازمین کو الاؤنس دینے کا فیصلہ کرنے کی مجاز نہیں ہوں گی۔ گریڈ 19 تک کے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں 25 فیصد الاؤنس دینے کا فیصلہ ہوا ہے جبکہ 50سے زائد یونیورسٹیوں کے ملازمین کو سپیشل الاؤنس نہیں ملے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ 25 فیصد سپیشل الاؤنس کی منظوری دی تھی، الاؤنس پنجاب بھر کے صرف سات لاکھ 21 ہزار ان سرکاری ملازمین کو ملے گا جن کی تنخواہ پہلے سے کم تھی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے 2017 کی بنیادی تنخواہ پر 25 فیصد سپیشل الاؤنس کی منظوری دی ہے۔ ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الاؤنس دینے سے ان کی تنخواہوں میں صرف معمولی اضافہ ہوا ہے، گریڈ ایک سے پانچ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 2283 روپے سے لیکر 2265 روپے کا اضافہ ہوگا، گریڈ 6 سے 10 کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہ میں 2655 سے 3040 روپے کا اضافی ہوگا۔
اسی طرح گریڈ 11 سے 16 تک کے ملازمین کی ماہانہ 3143 روپے سے 4728 روپے تنخواہ بڑھے گی جبکہ گریڈ 17 کے آفیسر کی تنخواہ میں 3037 روپے، گریڈ 18 کے آفیسر کی تنخواہ میں 3835 اور گریڈ 19 کے آفیسر کی تنخواہ میں 5921 روپے اضافہ ہوگا۔