نشتر پارک (حافظ شہبازعلی) انگلش بائیو سکیورٹی میں جھول پر پی سی بی نے آنکھیں بند کرلیں۔محمد حفیظ نے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل تاخیر سے بائیو ببل جوائن کرنے کی درخواست کی تھی، حالیہ دورہ انگلینڈ سے قبل بیٹنگ کوچ یونس خان بھی دانتوں کا علاج کرانے کے بعد لاہور آنا چاہتے تھے، دونوں کے ساتھ سختی برتتے ہوئے اسکواڈ کے ساتھ لے جانے سے ہی انکار کردیا گیا۔
دوسری جانب کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد انگلینڈ کا پورا اسکواڈ ہی قرنطینہ میں چلا گیا، متبادل 18 پلیئرز کا گذشتہ روز اعلان کیا گیا، ان سب افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے مگر بغیر کسی تاخیر کے جمعرات کو میچ کھیل سکیں گے حالانکہ پاکستانی ٹیم نے بھی ڈربی پہنچ کر3 روز آئسولیشن میں گزارے، اس کے بعد منگل تک وہیں الگ رہتے ہوئے پریکٹس سیشن کیے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیاکہ پیر کی شام انگلش کیمپ میں کورونا کیسز سامنے آئے، یہ خبر ملتے ہی ہم اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر ای سی بی کے ساتھ رابطے میں رہے، ہمیں ان کے میڈیکل پینل کی یقین دہانیوں پر اطمینان ہے، ہم اپنے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کیلئے کیے جانے والے انتظامات پر مطمئن ہے، انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، انھیں ہوٹل اور میچ وینیو پر مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔