(فاران یامین)ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث پندرہ دنوں میں آٹھ سلنڈر دھماکے ہوئےجس میں ایک شخص جاں بحق اور دس افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
زور دار دھماکے بھی ضلعی انتظامیہ کو خواب خرگوش سے نہ جگا سکے،ریسکیو ذرائع کے مطابق پندرہ دنوں میں شہر میں آٹھ سلنڈر دھماکے ہوئے،تین سلنڈر دھماکے گھر میں جبکہ پانچ دھماکے سلنڈر کی دکان میں ہوئے،دھماکوں کے باعث آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور نو افراد زخمی ہوئے ۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ پہلا سلنڈر دھماکہ چوبیس جون کو ڈی ایچ اے گھر میں ہواجس میں ایک شخص جھلس کر زخمی ہوا،27 جون کو وحدت کالونی سلنڈر شاپ میں دوسرا دھماکاہواجس میں ایک شخص جاں بحق ہوا اور عبداللہ نامی شہری جھلس گیا،تیسرا سلنڈر دھماکا 28 جون کو سبزار پرانا راوی پل کے قریب گھر میں ہوا، خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔
چوتھا دھماکا 29 جون کو برکت مارکیٹ سلنڈر شاپ میں ہوا اور بوٹا نامی شہری جھلس کر زخمی ہو گیا،پانچویں بار سلنڈر 30 جون کو اٹاری سروبہ سلنڈر شاپ میں پھٹا، اس دھماکے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا،چھٹا سلنڈر 4 جولائی کو رام گڑھ گھر میں پھٹا ہوا،تین افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
سات جون کو بتی چوک میں ساتویں بار سلنڈر دکان میں دھماکا ہوا جس کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہوا،8 جولائی کو شادمان سلنڈر دکان میں آٹھواں دھماکہ ہوا اس دھماکے میں تین شہری زخمی ہوئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ سلنڈر دکان میں دھماکے ری فلنگ کے دوران ہوئےجبکہ گھر میں سلنڈر دھماکے ناقص میٹریل اور زائد المعیاد سلنڈر استعمال ہونے کے باعث ہوئے لیکن انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوئی ۔