(زین مدنی حسینی)شہر لاہور کے سینما گھر عید الاضحی پر بھی بند رہیں گے،عید پر نئی پاکستانی فلمیں ڈسٹری بیوٹرز نے ریلیز کرنے سے انکار کردیا۔
شائقین سینما کے لئے بری خبریہ ہے کہ عید قرباں پر بھی سینما گھروں کی رونقیں بحال نہیں ہوں گی بلکہ سینما گھر بند ہی رہیں گے، پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر عید قرباں پر بھی بزنس نہ ہونے کے خدشات کے باعث نئی پاکستانی فلمیں ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے۔
عید کے لئے چار نئی فلمیں دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ٹچ بٹن، لفنگے،دل کہے جدھر تیار ہیں لیکن بزنس نہ ہونے کے خدشات کی وجہ سے فلمیں ریلیز نہیں ہوں گی جبکہ سینما گھروں کی انتظامیہ بھی اس پر مایوس ہے۔ سینما انڈسٹری کورونا وائرس کی وجہ سے پچھلے چار ماہ سے بند ہے اور فلمی حلقوں کے مطابق اگر دس سے پندرہ فلمیں ہوں تو سینما گھر اب دوبارہ سے کھلنے چاہیے کیونکہ یہ حالات مقابلہ بازی کے بھی نہیں ہیں۔
قبل ازیں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پیشِ نظر عید الفطر کے موقع پر بھی سینما گھر ویران رہے، درجن سے زائد پاکستانی فلمز کی ریلیز تاخیر کا شکار ہے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دیگر ممالک میں سینما ہاؤسز بند ہیں، وہیں پاکستان میں بھی سینما گھر گزشتہ4 ماہ سے بند ہیں، سینما گھروں کے بند ہونے کی وجہ سے جہاں کئی فلموں کی ریلیز روک دی گئی، وہیں کچھ فلموں کو آن لائن یا پھر کسی ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے۔