(ملک اشرف) پاکستان کی عدالت میں امریکہ کے خلاف کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اپنا کردارادا نہ کرنے 20 ارب ڈالرز ہرجانے کا انوکھا دعویٰ دائر کردیا گیا، مقامی عدالت نے دعویٰ پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سول جج لاہور کامران کرامت نے مقامی شہری رضا علی کے ہرجانے کے دعویٰ پر ابتدائی سماعت کی جس میں امریکہ کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ دعویٰ میں نشاندہی کی گئی کہ کوورونا وائرس کی وجہ سے ملک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا بلکہ تمام پاکستانی شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔
دعویٰ میں زور دیا گیا کہ امریکہ بطورسپر پاور اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس نے ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کو بھی نظرانداز کیا ہے۔ دعویٰ میں استدعا کی گئی کہ امریکہ کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دے کر 20 ارب امریکی ڈالرز کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے مقامی عدالت میں دائر دعوے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ امریکہ پوری دنیا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بنا ہے۔
پاکستانی شہری کا امریکہ کو 20 ارب ڈالر ہرجانے کا انوکھا دعویٰ
8 Jul, 2020 | 08:03 PM