امتحانات کے نتائج کیلئے اینڈرائیڈ ایپ لانچ

8 Jul, 2020 | 06:03 PM

Malik Sultan Awan

(زاہد چوہدری) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پروفیشنل امتحانات کے نتائج کیلئے اینڈرائیڈ ایپ لانچ کر دی، سٹوڈنٹس ایپ کے ذریعے فوری اپنا رزلٹ دیکھ سکیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق یو ایچ ایس کی جانب سے ایم بی بی ایس اور دیگر پروفیشنل امتحانات کے نتائج کیلئے اینڈرائیڈ ایپ جاری کردی ہے ۔یو ایچ ایس رزلٹس کی ایپ گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ امیدوار ایپ کے ذریعے اپنا رزلٹ فوری معلوم کرسکیں گے ۔ یو ایچ ایس کی ایپ پر نتائج سے متعلق نوٹیفکیشن بھی دیکھے جاسکیں گے۔ ترجمان یو ایچ ایس کا کہنا ہے کہ طلبہ کی آسانی کیلئے یونیورسٹی کے تمام سسٹمز کو بتدریج ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے اور آئندہ ماہ تک ڈگری کے اجراء کے نظام کو بھی آن لائن کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے مالی بحران کے باعث اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں اور طلباء کی سکالرشپس پر بڑا کٹ لگا دیا ہے، جس پر اساتذہ کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا، تاہم اب پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے بیل آؤٹ پیکج کا عندیہ دے دیا ہے۔

اس مقصد کے لئے چیئرمین پی ایچ سی ڈاکٹر فضل احمد خالد، وی سی یو ای ٹی ڈاکٹر منصور سرور، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہدہ فرخ اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ توصیف دلشاد کھٹانہ پر مشتمل اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی نے یو ای ٹی سے مالی معاملات کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

یو ای ٹی کو آمدن، اخراجات اور فکس ڈیپازٹ کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اپنے فنڈز میں سے تنخواہیں فوری ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق یو ای ٹی کی جانب سے ریکارڈ آنے کے بعد بیل آوٹ پیکج کی شرح کا تعین کیا جائے گا۔

مزیدخبریں