فوڈ لائسنس ری نیو نہ کرانے والے 81 ہزار فوڈ مراکز سیل کرنے کا فیصلہ

8 Jul, 2020 | 04:12 PM

Shazia Bashir

عمران یونس: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ لائسنس ری نیو نہ کرانے والے 81 ہزار فوڈ مراکز اور 2 ماہ سے جرمانہ ادا نہ کرنے والے فوڈ مراکز کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں فوڈ لائسنس حاصل نہ کرنے والے اور 2 ماہ سے جرمانہ ادا نہ کرنے والے فوڈ مراکز کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے آپریشن ٹیموں کو ٹاسک دے دیا ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس رجسٹرڈ فوڈ لائسنس ہولڈرز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ ہے، جن میں سے81 ہزار کے قریب لائسنس ہولڈرز نے اپنا لائسنس ری نیو نہیں کروایا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق پی ایف اے قوانین کے مطابق فوڈ بزنس آپریٹرز ہر سال لائسنس ری نیو کروانے کے پابند ہیں۔لائسنس کی موجودگی کاروبار قانون کے مطابق ہونے کی ضمانت ہے،لائسنس ہولڈر ہی خوراک کے معیار کو بہتر بناتا ہے۔ قبل ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ناقص دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔

لاہور کے علاقے قلعہ لکشمن میں ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران 10مقامات پر1630لیٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 1230لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق سیالوی، شہزاد، مقدس، اکرم، ابراہیم، مدینہ اور حافظ ملک شاپس پر موجودہ 1230لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا جبکہ معمولی نقا ئص پر اقراء، لطیف اور البصرا ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کیے گئے دودھ میں نیچر ل فیٹس اور ایل آر انتہائی کم پائی گئی۔

موقع پر موبائل لیب میں موجود جدید مشینوں سے دودھ کی چیکنگ میں پانی کی ملاوٹ بھی پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ قوانین کے مطابق دودھ میں پانی یا کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔ملاوٹی یا قدرتی غذائیت سے محروم دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کی صحت کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے۔

مزیدخبریں