گاڑی و موٹر سائیکل مالکان کیلئے اچھی خبر، اضافی ٹیکسز ختم

8 Jul, 2020 | 01:33 PM

Sughra Afzal

لوئر مال (عابد چودھری) عوامی شکایات پر ٹریفک پولیس کے الیکٹرانک چالان(ای چالان) پیمنٹ کی مد میں لیے جانے والے اضافی ٹیکسز ختم کردیئے گئے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید حماد عابد کے مطابق ٹریفک پولیس نے سمال بینکنگ سیکٹر کی جانب سے اوور چارجنگ پر سٹیٹ بینک سے رابطہ کیا اور اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو حکومتی یوٹیلٹیز پر سروسز چارجز لینے سے روک دیا ہے۔

سی ٹی او سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس میں ای چالان کے آغاز کے بعد عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ مختلف سمال بینکنگ سینٹرز چالان جمع کرنے کیلئے سروسز چارجز کے نام پر اوور بلنگ کر رہے ہیں، ویجی لینس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تین دکانداروں کیخلاف مقدمات بھی درج کروائے۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ شہری اوورچارجنگ کر نیوالے دکانداروں کی نشاندہی کریں تاکہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف باقاعدہ کارروائیاں  کی جارہی ہیں، اس سلسلےمیں17 اسپشل اسکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں،ای چالان نادہند گاڑیوں کیخلاف کارروائی کیلئے 34 وارڈنز بھی تعینات کیے گئے ہیں  جو مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں کارروائیاں کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رواں سال کے پہلے ساڑھے 5 ماہ کے دوران 3 لاکھ 40 ہزار گاڑیوں، 2 لاکھ 58 ہزار موٹرسائیکل و رکشا، 9 ہزار کمرشل گاڑیوں کو چالان بھیجے گئے، جس کے نتیجے میں 4 کروڑ22 لاکھ 76 ہزار 400 روپے جرمانہ قومی خزانے میں جمع کرایا گیا جبکہ گزشتہ سال 25 کروڑسے زائد جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔

 

واضح رہے کہ سی ٹی او لاہور سید حماد کی طرف سے الیکٹرانک چالان پیمنٹ پر لئے جانے والے اضافی ٹیکس کے خاتمے کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو خط لکھا گیا تھا، سی ٹی او نے عوامی مشکلات کے پیش نظر اسٹیٹ بینک کو ٹیکسز کے خاتمے کیلئے درخواست کی تھی۔

یاد رہے کہ   حکومت نے نئے مالی سال میں ٹریفک پولیس کو تین ارب ساٹھ کروڑ کے  چالان کرنے کا ہدف دیا ہے۔ ٹریفک پولیس اب قوانین کی خلاف ورزی پر  چالان تو کرے گی تاہم اب کارکردگی دکھانے کے لیے کیے جانے والے  چالان کم ہوں گے۔

 

مزیدخبریں