حکومت نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سنی لی

8 Jul, 2020 | 11:47 AM

M .SAJID .KHAN

(ریحان گل) پنجاب حکومت نےیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی  بیل آؤٹ پیکج کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی، یو ای ٹی سے مالی معاملات کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے مالی بحران کے باعث اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں اور طلباء کی سکالرشپس پر بڑا کٹ لگا دیا ہے، جس پر اساتذہ کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا، تاہم اب پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے بیل آؤٹ پیکج کا عندیہ دے دیا ہے۔

اس مقصد کے لئے چیئرمین پی ایچ سی ڈاکٹر فضل احمد خالد، وی سی یو ای ٹی ڈاکٹر منصور سرور، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہدہ فرخ اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ توصیف دلشاد کھٹانہ پر مشتمل اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی نے یو ای ٹی سے مالی معاملات کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

یو ای ٹی کو آمدن، اخراجات اور فکس ڈیپازٹ کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اپنے فنڈز میں سے تنخواہیں فوری ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق یو ای ٹی کی جانب سے ریکارڈ آنے کے بعد بیل آوٹ پیکج کی شرح کا تعین کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے  یتیم اور ضرورت مند طلباء کے سکالرشپ بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، 3سالوں سے سکالر شپ حاصل کرنیوالے طلبہ کا ڈیٹا نئے سرے سے مرتب ہوگا۔  یو ای ٹی نے طلباء کو سکالر شپ دینے کی نئی پالیسی کا اعلان کر دیا،  یو ای ٹی میں زیر تعلیم 2017ء سیشن سےسکالر شپ پالیسی کا اطلاق کر دیا گیا،  یو ای ٹی نے ہر ڈیپارٹمنٹ میں تین رکنی سکالر شپ  کمیٹی تشکیل دیدی۔

 سکالر شپ  کمیٹی از سر نو یتیم ،ضرورت مند طلباء کےکوائف کی جانچ پڑتال کرے گی،پہلے سے سکالرشپ حاصل کرنیوالوں کو دوبارہ درخواستیں دینا ہوں گی، سکالر شپ  کمیٹی 30 فیصد طلباء کو سکالر شپ کیلئے شارٹ لسٹ کرنے کی مجاز ہوگی،یتیم طلباء کو فیس کا 10 سے 100 فیصد تک سکالرشپ کی مد میں دیا جائے گا،  یو ای ٹی ضرورت مند طلباء کو 10 سے 50 فیصد تک سکالر شپ دے گی۔

مزیدخبریں