صنفی فرق، الیکشن کمیشن پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے گا

8 Jul, 2020 | 11:54 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے گا۔

  الیکشن کمیشن کے مطابق موجودہ انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز کے مابین 12.7 ملین کا فرق ہے، اس فرق کو کم کرنے کیلئے پنجاب کے چھ اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جاری شدہ پائلٹ پراجیکٹ کے مطابق انتظامی امور 10 جولائی تک مکمل کیے جائیں گے، 15 جولائی تک تربیتی ورکشاپس ہوں گی، تصدیق کنندہ گان سروے 16 تا 27 جولائی تک ہوگا، صنفی فرق کو ختم کرنے کیلئے تفویض کردہ شمارتی بلاک کے ارکان گھر گھر جا کر اندراج کریں گے۔

خاندان کے سربراہ یا کسی ممبر کا نام، شناختی کارڈ نمبر، گھر کا پتہ اور دیگر کوائف لے کر اس کا اندراج کیا جائے گا، پائلٹ پراجیکٹ میں سرگودھا کی تحصیل بھیرہ، فیصل آبادمیں تاندلیانوالہ، شیخوپورہ میں صفدرآباد ، بہاولنگر میں فورٹ عباس، ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلمان اور رحیم یار خان میں صادق آباد کے علاقے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 24 جون کو الیکشن کمیشن نے پنجاب کے 36 اضلاع میں پہلے مرحلے کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کمیٹیاں تشکیل دے دی تھیں،حلقہ بندیاں 6 جولائی سے 13 اکتوبر تک مکمل کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق   حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 جون سے 20 اگست تک آویزاں کی جائے گی، شہری حلقہ بندیوں پر اعتراضات 22 اگست سے 6 ستمبر تک دائر کرسکیں گے، اعتراضات 12 اکتوبر کو دور کیے جائیں گے، حلقہ بندیوں کی حتمی لسٹ 13 اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دنگل کی تیاری بھی شروع کردی، پنجاب حکومت نے اراکین اسمبلی کو رواں سال کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع کرنے کا گرین سگنل دے دیا۔

مزیدخبریں