سرکاری ریٹ پر آٹے کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا: عثمان بزدار

8 Jul, 2020 | 08:28 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں گے، آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، آٹا تھیلا کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں میں فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے اور کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے ملاقات کی، صوبائی وزیر نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے مرتب کردہ کتاب ''وائٹ ان فلیگ'' وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کے حوالے سے جامع کتاب ترتیب دینے پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دیا ہے۔ اقلیتی برادری کو ترقی کے سفر میں برابر کا حصہ دیں گے، اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لئے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اقلیتی بھائیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، فادر سہیل پیٹرک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں