’’حسن، حسین نواز اپنے نام کی لاج رکھیں اور شیر بن کر وطن واپس آئیں‘‘

8 Jul, 2018 | 10:12 AM

(عفیفہ نصر اللہ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چودھری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنے جرم کو چھپانے لئے الزامات سے بری ہونے کا پروپیگنڈا کررہے ہیں، وہ چوری میں پکڑے گئے ہیں، حسن اور حسین نواز اپنے والد کو عدالتوں میں رسوا کر رہے ہیں، شیر بنیں اور وطن واپس آئیں۔

تفصیلات کے مطابق کینٹ دبئی چوک میں اپنے امیدوار افتخار شاہد ایڈووکیٹ کے حلقہ این اے 129 کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک چوری میں بری اور دوسری میں پکڑے گئے، موقع ملنے کے باوجود ثبوت پیش نہیں کیے جاسکے۔

چودھری اعتزاز احسن کا کہنا تھاکہ حسن اور حسین اپنے نام کی لاج رکھیں اور شیر بن کر وطن واپس آئیں، بلے والے ہر وہ کام کر رہے ہیں جس سے انہیں وزارت عظمی مل جائے، عمران خان ڈرامہ کر کے ننگے پیر درباروں پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے بلاول کے قافلے کو دربار اوچ شریف میں حاضری سے روکنے کی مذمت کی اور کہاکہ انہیں اجازت دی جائے وگرنہ حالات کی ذمہ داری انتظامیہ ہوگی، تقریب سے امیدوار این اے129 افتخار شاہد ایڈووکیٹ، پی پی 158 کے امیدوار عارف ظفر اور پی پی 156سے امیدوار میاں سیف الرحمن سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں