ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کراچی الیکٹرک (K.E) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی کی قیادت میں کے الیکٹرک کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد نے وزیراعظم کا کے الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا.
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں وفد نے کے الیکٹرک کے لیے 390 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان اور قابل تجدید توانائی کے 640 میگاواٹ کے منصوبوں کے لیے نرخوں کی منظوری اور 1000 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا. وفد نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور کے الیکٹرک کے باہمی تعاون سے کراچی کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کے الیکٹرک کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے مستقل حل نکالا جائے. بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہیے۔
وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی، چیف فائنانس آفیسر کے الیکٹرک عامر غزینی اور ریگولیٹری آفیسر کے الیکٹرک عمران قریشی شامل تھے۔ اس کے علاوہ نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، چئیرمین نیپرا وسیم مختار، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ریحان اختر اور دیگر اعلیٰ افسران اجلاس میں شریک تھے۔