وزیراعلیٰ پنجاب کا ایس ایل تھری منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

8 Jan, 2024 | 03:18 PM

علی رامے : وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ایس ایل تھری منصوبےکاجائزہ لینےپہنچ گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کاتفصیلی دورہ کیا، ساتھ  ہی والٹن روڈریلوےکراسنگ فلائی اوورپراجیکٹ پرتعمیراتی سرگرمیوں کامعائنہ کیا. وزیر اعلیٰ پنجاب کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نےبھی منصوبے پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے پر ہونے والی سست پیشرفت پر تشویش کا اظہار کیا، ساتھ ہی والٹن روڈ ریلوے کراسنگ فلائی اوورپراجیکٹ پر کام میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 22 روز ہو گئے تاحال منصوبہ ٹائم لائن سے پیچھے ہے، اگرایسےہی رہاتوفلائی اوورپراجیکٹ مکمل کیسےہوگا؟۔ جس پر  کنٹریکٹر کی جانب سےپراجیکٹ میں آنیوالی رکاوٹوں پر آگاہ کیاگیا۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ اگرمسائل تھےتوبتائےجاتے،منصوبےکےآثارنظرنہیں آرہے، ایک ایک دن قیمتی ہے ، مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، لاہور پل کو ملانے والے پل پر بھی کام شروع نہیں کیا گیا۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو آسان آمد و رفت کیلئے اس پراجیکٹ کومقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔  محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا، ساتھ ہی منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔ 
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈکلمہ چوک تاوالٹن روڈ تک آسان رسائی دے گا، منصوبہ قائدڈسٹرکٹ اورسی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ تک آسان رسائی دے گا۔ 
سی بی ڈی اورنیسپاک حکام نےمنصوبےپرہونیوالی پیشرفت بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریلوےکراسنگ فلائی اوورکی148میں سے130پائلزمکمل کرلی گئی ہے، گرڈرز اور ایم ایس سی وال کی کاسٹنگ جاری ہے، والٹن روڈ ریلوے کراسنگ فلائی اوور کے گرڈرز کا 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا، سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کی100 فیصد سب بیس واٹر باونڈ اور ٹاپ بیس مکمل کر لی گئی ،والٹن روڈ ریلوے کراسنگ فلائی اوور دو طرفہ 3 لینز پر مشتمل ہوگا۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث پراجیکٹ میں تاخیر ہے ، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں اس لیے پراجیکٹ میں کچھ تاخیر ہے ، سی بی ڈی حکام کو طلب کرلیا گیا ہے، ان کے ساتھ میٹنگ کرکے رکاوٹ کو دیکھ کر فیصلہ کیا جائےگا۔ وزراء ہر روز منصوبوں پر موجود ہوتے ہیں، ہروزیرمختلف منصوبوں پر پورا پورا وقت دے رہاہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ منصوبوں کو بروقت مکمل کرائیں، جہاں جہاں مسائل ہیں،میٹنگ کرکے حل کریں گے۔ ہم سے الیکشن کمیشن جو فیڈ بیک مانگے گا ہم انہیں دیں گے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے حوالے سےروزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن ہورہاہے، گرانفروشوں کو آج پکڑتے ہیں،کل وہ باہر ہوتے ہیں، گرانفروشوں کے خلاف قانون سخت ہونے چاہئیں، پوری امید ہے کہ اگلی حکومت جو آئے گی وہ ہم سے بہتر کام کرے گی۔ میٹرک کے امتحان اپنے مقررہ وقت پرہوں گے،کوئی تجویز زیرغور نہیں۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ لیسکو سے متعلقہ حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کمشنر لاہور کو لیسکو سے متعلق مسائل دور کرنے کا ہدف دے دیا۔ 

مزیدخبریں