ویب ڈیسک: راولپنڈی کے گنجان آباد علاقے نرنکاری بازار میں ڈیکوریشن کی دکان پر آگ لگ گئی، آگ نے3 منزلہ عمارت سمیت 4دکانیں خاک کردیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مشہور تجارتی مرکز راجہ بازار سے ملحقہ نرنکاری بازار کی ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو کی گاڑیاں آگ بجھانے کیلئے روانہ تو ہوئیں مگر سڑکوں پر جگہ جگہ قائم تجاوزات اور ٹریفک جام کے باعث گاڑیاں 45 منٹ تک موقع پر نہ پہنچ سکیں اس دوران آگ نے تین منزلہ عمارت سمیت متعدد دوکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 نے4 گھنٹے کی مسلسل کوشش سے آگ کو جزوی طور پر کنڑول کیا مگر اس دوران بھی وقفے وقفے سے آگ بھڑکتی رہی اور دھواں اٹھتا رہا،آگ سے کروڑوں کا نقصان ہوا ۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی دیگر دکاندار موقع پر پہنچے اور متبادل عمارتوں سے تالے اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر اپنا سامان سڑک پر پھینکنے لگے آخری اطلاع کے مطابق آگ پر مکمل کنٹرول کرنے کےلئے ریسکیو کا آپریشن جاری ہے،ننکاری بازار آگ لگنے والی عمارت کے قریب ریسکیو کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی۔
دکانوں میں پولی تھین بیگز، مصنوعی سپرے، ڈیکوریشن سامان اور پلاسٹک کا سامان ہے۔